کمپیوٹر اور سافٹ ویئر بنانے والی امریکی کمپنی مائیکروسافٹ نے امریکہ میں صارفین کو راغب کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ اپنے استعمال شدہ آئی پیڈ کے بدلے کم از کم دو سو ڈالر مالیت کے ٹوکن حاصل کر سکیں گے۔ یہ ٹوکن صارفین مائیکروسافٹ کی مصنوعات مثلاً سرفیس آر ٹی اور سرفیس پرو ٹیبلٹ کمپیوٹر خریدنے میں استعمال کر سکیں گے۔
مائیکرو سافٹ ٹیبلٹس کی فروخت میں آئی پیڈ بنانے والی کمپنی ایپل سے بہت پیچھے ہے۔تجزیہ کاروں نے آئی پیڈز کی جگہ مائیکروسافٹ کی مصنوعات استعمال کرنے کی پیشکش کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ گارٹنر موبائل ڈیوائس کے تجزیہ کار وان بیکر کا کہنا ہے کہ لوگ مائیکروسافٹ کی اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے جواب میں صرف ایک لفظ کہیں گے جو کہ ’نہ‘ ہے۔ وان بیکر کے مطابق ونڈوز کے مقابلے میں آئی پیڈز کے لیے بہت سی ایپلیکیشنز دستیاب ہیں جس کی وجہ سے ایپل کو برتری حاصل ہے۔
مائیکروسافٹ کو اپنے سرفیس ٹیبلٹ ڈیوائسز فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں مائیکرو سافٹ نے نو لاکھ ٹیبلٹس فروخت کیے جبکہ ایپل نے ایک کروڑ نواسی لاکھ آئی پیڈز فروخت کیے۔ سال کی دوسری سہ ماہی میں بھی مائیکروسافٹ صرف تین لاکھ ٹیبلٹس فروخت کر سکا تھا۔
0 comments:
Post a Comment